راولپنڈی: ایپلیٹ ٹربیونل کورٹ نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو قومی اسمبلی کے حلقہ 57 اور پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری کو قومی اسمبلی کے حلقہ 67 سے نا اہل قرار دے دیا ہے۔
ایپلیٹ ٹربیونل کے سربراہ جسٹس عباد الرحمٰن لودھی نے درخواست گزار کے تمام اعتراضات کو منظور کرتے ہوئےشاہد خاقان عباسی کو نا اہل قراردیا۔
شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف مسعود احمد عباسی نے اپنی درخواست میں کاغذات میں ٹمپرنگ کا الزام عائد کیا تھا۔
درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے لارنس کالج کے جنگل پر قبضہ کر رکھا ہے اور اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ٹو میں مکان کی ملکیت بھی کاغذات نامزدگی میں کم لکھی گئی ہے۔
مسعود احمد عباسی نے اعتراض اٹھایا کہ سابق وزیراعظم نے کاغذات نامزدگی میں پہلے ایک سو روپے والا اور بعد میں پانچ سو روپے والا اسٹیمپ پیپر لگایا گیا۔
فواد چوہدری کے خلاف جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار فخر عباس کاظمی نے اعتراض دائر کیے تھے۔
درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ فواد چوہدری کا شناختی کارڈ میں نام فواد احمد لکھا ہے، انہوں نے ٹیکس جمع نہیں کرایا۔
ایپلیٹ ٹربیونل نے ریٹرنگ آفیسر کو بھی غلطی تسلیم کرنے پر معطل کر دیا تھا۔
ایپلیٹ ٹربیونل کورٹ نے این اے 65 سے پی ٹی آئی کے امیدوار سردار غلام عباس کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیے ہیں۔