ٹرائنگولر سیریز اور دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان


لاہور:  زمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹرائنگولر ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جو پاکستان، زمبابوے اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جائے گی، اس کے علاوہ  زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد  ڈراپ کر کے نئے اوپنر صاحبزادہ فرحان کو قومی ٹی ٹوینٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ، آل راؤنڈر محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ فاسٹ بالر راحت علی کو دونوں فارمٹس کے لیے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، حسین طلعت، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان شنواری، شاہین آفریدی اور صاحبزادہ فرحان شامل ہیں۔

زمبابوے کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں بابر اعظم کی شرکت فٹنس سے مشروط کر دی گئی ہے جبکہ ون ڈے ٹیم میں کپتان سرفراز احمد کے علاوہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد، محمد نواز، شاداب خان، فہیم اشرف، جنید خان، آصف علی، عثمان خان شواری، حسن علی، حارث سہیل، یاسر شاہ اور محمد عامر شامل ہیں۔

پاکستان، آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان ٹرائنگولر ٹی ٹوینٹی سیریز کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا جس کا فائنل اتوار 8 جولائی  کو کھیلا جائے گا، ٹرائنگولر سیریز کے بعد قومی ٹیم 13 جولائی سے زمبابوے سے پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی، پانچواں اور آخری ون ڈے اتوار 22 جولائی کو ہو گا۔

دورہ زمبابوے کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 25 جون سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہو گا جبکہ 28 جون کی رات کو لاہور سے ہرارے روانہ ہو گی۔


متعلقہ خبریں