ماسکو: روسی صدر نے روس، جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کو ملانے کے لیے ریلوے اور قدرتی گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی پیشکش کردی۔
یہ پیشکش روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان سے ملاقات کے دوران کی جو ان دنوں اپنے وفد کے ہمراہ روس کے دورے پر ماسکو میں ہیں، روسی صدر نے جنوبی کوریا کے صدر کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے ون آن ون اور وفود کی سطح پر تبادلہ خیال کیا، روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ جنوبی کوریا روس کے پرانے شراکت داروں میں سے ایک ہے اور روس جنوبی کوریا کے ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔
روسی صدر نے ریلوے اور گیس پائپ لائن پراجیکٹ کے حوالے سے کہا کہ ایسے پروجیکٹ امن اور استحکام کو فروغ دیں گے، جنوبی کوریا کے صدر نے کہا کہ وہ روس کے ساتھ اسٹرٹیجک تعلقات جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔