اسلام آباد: حکومت نے وفاقی بجٹ میں ترقیاتی پروگرام کے لیے 1200 ارب روپے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزارت منصوبہ بندی نے نئے مالی سال کے لیے 1140 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ طلب کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ 25-2024 میں ترقیاتی پروگرام بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزارت خزانہ نے نئے مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی حد 1200 ارب رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ترقیاتی بجٹ کی تجاویز وزارت خزانہ کی مقررہ حد کے اندر رہ کر تیار کی جائیں گی۔ وزارت منصوبہ بندی نے نئے مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ کی تیاری پر کام شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق من و عن ترقیاتی بجٹ مختص ہونے پر رواں مالی سال کے مقابلے میں 260 ارب روپے کا اضافہ ہو گا۔ وزارت منصوبہ بندی نے نئے مالی سال کے لیے 1140 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مانگا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے پیاز کی برآمدات 210 ملین ڈالر سے بھی تجاوز کر گئیں
رواں مالی سال کے مقابلے میں وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 200 ارب کا اضافہ مانگا کیا گیا تھا اور نئے مالی سال کے لیے وزارتوں، ڈویژنز نے 2 ہزار 900 ارب روپے سے زائد کی ڈیمانڈ کی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزارتوں اور ڈویژنز کی تمام تجاویز کو ترقیاتی بجٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جاری منصوبے اور ان کی تکمیل پہلی ترجیح ہو گی۔
بجٹ میں وزارتوں، ڈویژنز کے ترجیحاتی منصوبوں کے لیے فنڈز رکھے جائیں گے اور بجٹ میں منصوبوں کے معیار کو دیکھ کر ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔