لاہور: پنجاب حکومت نے کسان کارڈ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے کسان کارڈ پر کاشتکاروں کو بیج اور کھادوں کی خریداری کے لیے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
کسان کارڈ منصوبے پر 75 ارب روپے لاگت آئے گی۔ ساڑھے 12 ایکڑ سے کم زرعی زمین رکھنے والے کسان کارڈ کے لیے اہل ہوں گے۔
کسان کارڈ پر کاشتکاروں کو بیج اور کھادوں کی خریداری کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے تک فی سیزن بلاسود قرض دیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر 5 لاکھ کسانوں کو پہلے آؤ پہلے پاؤ کے تحت کارڈ جاری ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ہیٹ ویو، بارش، طوفان کا الرٹ جاری کردیا
بینک آف پنجاب کے ذریعے کسانوں کو کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔ جس کے لیے کسانوں کو فی ایکڑ ایک ہزار روپے پروسیسنگ فیس ادا کرنا ہو گی۔ بینک آف پنجاب کسانوں کی آن لائن رجسٹریشن کرے گا۔
بیج اور کھادوں کے ڈیلرز کو بھی بینک آف پنجاب رجسٹرڈ کرے گا۔ قرض کی ادائیگی کرنے والے کسان ہی اگلے برس دوبارہ قرض لینے کے اہل ہوں گے۔ بینک آف پنجاب نے 10 ہزار ڈیلرز کی رجسٹریشن بھی کر لی ہے۔