قوم کی کھلاڑیوں سے امیدیں، آئرلینڈ سے شکست کوئی قبول نہیں کررہا، چیئرمین پی سی بی

آئرلینڈ

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا، قومی کو کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں۔

آئرلینڈ سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی ہنگامی دورے پر ڈبلن پہنچے جہاں انہوں نے قومی کرکٹرز سے ملاقات کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے دو گھنٹے تک طویل ملاقات کی اور حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی۔

والدہ کی کمی ہر موڑ پر محسوس کرتا ہوں، انہی کی دعاؤں سے یہاں پہنچا، محسن نقوی

اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ یکسر مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے جدید اور نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہوگی۔ کمرے میں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے، جہاں پرفارمنس نظر آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت، پروفیشنل اور بہترین ہیں، قومی ٹیم کا باؤلنگ اٹیک بھی شاندار ہے۔ فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی بھی چانس نہ مل سکے۔

چیئرمین پی سی بی کا ٹی 20 ورلڈکپ جیتنے پر ہر کھلاڑی کیلئے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کھلاڑی پاکستان کے لیے امید ہیں اور آپ نے قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ فتح کے لیے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے، 11 کھلاڑی ایک ہوکرپاکستان کے لئے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں۔ آخری بال تک فائٹ کریں مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈکپ ہے۔


متعلقہ خبریں