بھارتی میڈیا مسائل اجاگر کرنے کے بجائے مودی کے گن گاتا ہے، راہول گاندھی

Rahul Gandhi

نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت کا میڈیا عوام کے مسائل اجاگر کرنے کے بجائے مودی کے گن گاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سب سے بڑے مسائل بیروزگاری اور مہنگائی ہیں۔ لیکن میڈیا کو دیکھیں تو لگتا ہے کہ سب سے ضروری مسئلہ امبانی کی شادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا 24 گھنٹے نریندر مودی کا چہرہ دکھاتا ہے۔ کبھی وہ سمندر کی تہہ میں جا رہے ہوتے ہیں تو کبھی جہاز میں اڑتے پھرتے ہیں۔ کبھی انہیں تالی بجاتے دکھایا جاتا ہے تو کبھی وہ موبائل فون کی روشنی دکھانے کی ہدایت کر رہے ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی ﷺ میں نمازیوں کو کستوری اور عنبر سے مہکانے والے پاکستانی کون ہیں؟

راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتی میڈیا میں کون لوگ بیٹھے ہیں جو بھارتی عوام اور ان کے مسائل پر بات ہی نہیں کرتے۔ میں نے میڈیا اداروں کے مالکان اور بڑے بڑے اینکرز کی فہرست بنائی ہے۔ یہ تمام لوگ اونچی ذاتوں اور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں غریب لوگوں اور نچلی ذاتوں کی 50 فیصد آبادی ہے۔ جن میں سے ٹی وی پر ایک بھی اینکر آپ کو نظر نہیں آئے گا۔ صرف 2 سے 3 فیصد لوگوں کو بھارتی میڈیا میں ملازمتیں ملتی ہیں۔ 15 سے 20 فیصد لوگ بھارتی میڈیا کو کنٹرول کرتے ہیں۔ جو 24 گھنٹے نریندر مودی کے گن گاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملائیشین نیوی کے 2 ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے ، 10 افراد ہلاک

انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما نے کہا کہ یہ تو طے ہے کہ میڈیا کے لوگوں کا تعلق عام بھارتی عوام سے نہیں اور نہ یہ ان میں سے ہیں۔ بھارتی میڈیا بیروزگاری اور مہنگائی کی بات نہیں کرتا بلکہ ان لوگوں کا کام عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں