نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا آج سے آغاز

National Women

لاہور: نیشنل ویمنز ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ آج بدھ سے فیصل آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں 6 ریجنل ٹیموں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو ڈبل لیگ کی بنیاد پر 50 اوورز کے میچز کھیلیں گی۔

گزشتہ سیزن میں یہ ٹورنامنٹ پاکستان کپ ویمنز کرکٹ کے نام سے منعقد ہوتا رہا جس میں 3 ٹیمیں بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنامائٹس حصہ لیتی رہی ہیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے اس سال 6 ٹیموں کو شامل کیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں شریک 6 ٹیمیں کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی کو کم از کم 10 میچز کھیلنے کو ملیں گے۔ ٹورنامنٹ میں 30 لیگ میچوں کے بعد 2 سرفہرست ٹیمیں 11 مئی کو فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ سیریز: بابر اعظم کو آرام کا موقع دے سکتے ہیں، اظہر محمود

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو سلور ٹرافی اور 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 5 لاکھ روپے ملیں گے۔

عمیمہ سہیل کراچی ریجن، کائنات حفیظ لاہور، صائمہ ملک کوئٹہ، ہمنہ بلال ملتان، گل رخ پشاور اور ماہنور آفتاب راولپنڈی کی قیادت کریں گی۔


متعلقہ خبریں