15 ہزار خاندانوں کا فوڈ پیکج غزہ روانہ


راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے رمضان المبارک کے آغاز پر 15 ہزار خاندانوں کے لیے فوڈ پیکج غزہ روانہ کر دیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے فوڈ پیکج اور جدید ایمبولینس غزہ روانگی کے موقع پر اسماعلیہ مصر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ متاثرین کے لیے ایک ارب 70 کروڑ روپے مالیت کی امداد فراہم کر چکے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رفح بارڈ کے ذریعے 400 ٹن امدادی سامان کے 20 ٹریلر اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایمبولینس غزہ روانہ کی گئی ہے۔ غزہ جنگ سے متاثرہ 22 لاکھ افراد پوری دنیا خاص طور پر مسلمانوں کے لیے امتحان ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ جنگ سے متاثرہ بہن بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی پوری ٹیم اور رضاکارمصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے اندر موجود ترک اور فلسطینی اداروں کے تعاون کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے الخدمت نے قاہرہ میں کیمپ آفس اور وئیر ہاؤس قائم کیا ہے جہاں سے مسلسل امدادی سامان غزہ بھجوایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے بیٹوں کے کرپشن کیسز کھل گئے

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ پاکستان سے غزہ امدادی سامان بھجوانے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی مدد سے ائیر کارگو اور سمندر کے راستے امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ شروع کیا اور اب تک 5 ائیر کارگو العریش، ایک اردن اور بحری جہاز کے ذریعے ادویات، تیار کھانا، خیمے، ترپال، بے بی کٹس، ہائی جین کٹس اور ونٹر پیکج بھجوائے جاچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ کے زخمیوں اور مریضوں کے لیے مختلف مراحل میں 250 ٹن ادویات بھیجی گئیں جبکہ غزہ میں میڈیکل ایمرجنسی کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے فیلڈ اسپتال کی ورکنگ مکمل کر لی ہے، اجازت ملنے پر الخدمت اور پیما کے ڈاکٹرز غزہ روانہ ہو جائیں گے۔


متعلقہ خبریں