صدارتی انتخاب، ایم کیو ایم کا آصف زرداری کی حمایت کا اعلان


اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے صدر مملکت کے لیے آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار سمیت دیگر سے ملاقات کی۔

اتحادی جماعتوں کے وفد نے ایم کیو ایم سے صدر مملکت کے لیے آصف علی زرداری کو ووٹ دینے کی درخواست کی اور انہیں ساتھ مل کر چلنے کی یقین دہانی کرائی۔

ایم کیو ایم رہنماؤں نے ملاقات کے لیے آنے والے رہنماؤں کو صدارت انتخاب میں آصف علی زرداری کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کو بھاری اکثریت سے صدر منتخب کروائیں گے اور مل کر کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وہ وقت چلا گیا جب ہم برادر ممالک کے پاس جائیں اور پیسے مل جائیں، وزیر اعظم

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے بعد صدارتی انتخاب اہم مرحلہ ہے اور ہمیں بلاول بھٹوکی آمد پر بڑی خوشی ہے، ہم ان کے ساتھ ہیں اور صدارتی انتخاب میں ایم کیو ایم آصف علی زرداری کو ووٹ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری تاریخی ووٹ لے کر منتخب ہوں گے اور جمہوریت کے اثرات عوام تک پہنچیں گے۔ جمہوری قوتوں کو اختلافات کے باوجود ڈائیلاگ جاری رکھنے چاہئیں جبکہ پاکستان کی ترقی اور تعمیر ہماری اولین ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں