وہ وقت چلا گیا جب ہم برادر ممالک کے پاس جائیں اور پیسے مل جائیں، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ وقت چلا گیا جب ہم برادر ممالک میں جائیں گے اور پیسے لے لیں گے، اب ہمیں برادر ممالک کی ملک میں سرمایہ کاری کے لیے بینکنگ پرپوزل دینا ہوں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا اور وفاق میں ایک اتحادی جماعت دوبارہ وجود میں آئی ہے جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ ن اور سندھ میں پیپلز پارٹی نے حکومت بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام دیکھ رہی ہے جنہوں نے مینڈیٹ دیا ہے اور تمام جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ایک بار پھر مجھ پر اعتبار کیا۔ میں نے پچھلے چند دنوں میں معیشت کے حوالے سے اجلاس کیے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا قرض 825 ارب روپے کا ہے جبکہ ملک میں سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے۔ اس بات سے انکار نہیں کہ بہت بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی شخص پر بار بار ٹیکس لگایا جائے گا تو وہ ہار جائے گا اور پڑوسی ملک ٹیکس کولیکشن میں ہم سے بہت آگے ہیں۔ ادارے خسارہ کر رہے ہیں اور انہیں قرض لے کر پورا کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئن سٹائن چیلنجز سے نہیں ڈرا، شہباز شریف بھی نہیں ڈریں گے ، آصف زرداری

وزیر اعظم نے کہا کہ ایک اعشاریہ 7 ٹریلین کی محصولات کے مقدمات مختلف عدالتوں میں ہیں اور ہماری معاشی طور پر جڑیں کھوکھلی کی جا رہی ہیں۔ وہ وقت چلا گیا جب ہم برادر ممالک میں جائیں گے اور پیسے لے لیں گے، اب ہمیں برادر ممالک کی ملک میں سرمایہ کاری کے لیے بینکنگ پرپوزل دینا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وفاق 4 اکائیوں کا نام ہے اور ہم ایک دوسرے سے جڑے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی جس کو مینڈیٹ ملا ہے پوری کوشش کریں گے کہ انہیں ساتھ لے کر چلیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ صدر پاکستان کے لیے آصف زرداری ہمارے امیدوار ہیں اور وفاق میں نیشنل اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں 9 مارچ کو صدر کا انتخاب ہو گا۔ ہمارے پاس صدر مملکت کے انتخاب کے لیے اسمبلیوں میں واضح اکثریت ہے۔


متعلقہ خبریں