الیکشن نہیں بلکہ قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا، حافظ نعیم الرحمان


کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خدشات، حقائق اور مطالبات واضح طور پر سامنے آگئے ہیں، عام انتخابات 2024 الیکشن نہیں بلکہ قوم کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم جس نے ڈیڑھ لاکھ ووٹ لیے اسے 15 قومی اور 25 صوبائی سیٹیں دے دی گئیں۔ جنہوں نے بھتہ خوروں اور دہشت گردوں کو کراچی پر مسلط کیا وہ کراچی اور پاکستان دشمنی کے مرتکب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان سے درخواست ہے وہ عدلیہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی بنائیں۔ فارم 45 کے مطابق تحقیقات کروائیں اور فارم 45 کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے اور ہم نے الیکشن کمیشن میں پٹیشن بھی دائر کر دی ہے اور جماعت اسلامی ہر اس پارٹی کے ساتھ مل کر سراپا احتجاج ہے جن کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے پاکستان کے عوام، پاکستان کی جمہوریت اور پاکستان کے مستقبل کو بچایا جائے۔ ہم کسی صورت نہیں چاہتے کہ فارم 47 کے مطابق نتائج جاری ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر آر اوز، ڈی آر اوز کیخلاف مہم دہشتگردی کے مترادف ہے، شرجیل میمن

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اندرون سندھ میں زبردست دھاندلی کی گئی۔ آر اوز اور حکومتی مشینری نے عوامی مینڈیٹ کو کچل کر رکھ دیا، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کا ضمیر جاگا ہے جس کے نتیجے میں انہوں نے حقائق سے آگاہ کیا اور کراچی میں بھی کسی کا ضمیر جاگنا چاہئیے۔


متعلقہ خبریں