دھاندلی کے الزامات کا نوٹس، این اے 46 اور 47 کے امیدواران آج طلب


اسلام آباد: ریٹرننگ افسر نے عام انتخابات میں دھاندلی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 اور 47 کے امیدواروں کو آج طلب کر لیا۔

اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 اور 47 کے آر او نے دھاندلی کی شکایات پر اُمیدواروں کو طلب کیا ہے۔ این اے 46 کے امیدواروں کو پولنگ ایجنٹس کے ہمراہ صبح 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این اے 47 کے امیدواروں کو دن 12 بجے طلب کیا گیا ہے جبکہ ریٹائرڈ امیدوار طلب کیے جانے والوں کی لسٹ میں شامل نہیں۔

آر اوز کی جاب سے طلب کیے گئے تمام امیدواروں کو ان کے بیلٹ باکسز کے حوالے سے تسلی کروائی جائے گی۔

واضح رہے کہ حلقہ این اے 47 کا نتیجہ آزاد امیدوار شعیب شاہین نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم کو ووٹ دینے کا آپشن ٹیبل پر ہے، رؤف حسن

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ میں نے اور علی بخاری نے درخواست دائر کر دی ہے، ہم نے رجسٹرار آفس سے فوری طور پر سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔

شعیب شاہین نے کہا کہ ہماری چیف جسٹس سے اپیل ہے کیس کو فوری سنا جائے، ہم بھاری اکثریت سے یہ انتخاب جیتے ہیں اور ہمارے پاس فارم 47 موجود ہے۔ ریٹرننگ آفیسرز پر پریشر ڈالا جا رہا ہے۔

این اے 47 اسلام آباد 2 کی نشست کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتیجے کے مطابق مسلم ليگ ن کے طارق فضل چودھری ایک لاکھ 2 ہزار 502 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ یہاں سے آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین 86 ہزار 396 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔


متعلقہ خبریں