جو اراکین چھوڑ کر جائیں گے وہ 63، 62 کے ذمرے میں آئیں گے، علی محمد خان

ALI MUHAMMAD KHAN

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ جو اراکین چھوڑ کر جائیں گے وہ 63، 62 کے ذمرے میں آئیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے ہم نیوز کے پروگرام “الیکشن 2024” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے ہمیں جیلوں میں ڈالا مگر قوم ہمارے ساتھ تھی۔ گرا کر مٹی سے لگایا گیا مگر عوام نے ہمیں اٹھا کر ماتھے سے لگایا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ نشستوں پر فارم 45 کے حساب سے ہم جیتے ہوئے ہیں مگر فارم 47 پر کوئی اور جیتا ہوا ہے۔ عوام اور قوم کی پکار سنیں، بہت ہو گیا اب ہمیں آگے جانا ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ ہم اپنے مینڈیٹ کی حفاظت آئینی و قانونی طریقے سے کریں گے اور پی ٹی آئی کے تمام حمایت یافتہ امیدواروں نے حلف نامہ جمع کروایا تھا۔ جو اراکین چھوڑ کر جائیں گے وہ آرٹیکل 62،63 کے ذمرے میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ دیا ہے تو وہ اس کی حفاظت بھی کرے گی اور اب سمجھ آ گئی ہے کہ پی ٹی آئی کی اکثریت نظریاتی کارکنان ہیں۔ ہم نے اپنے ووٹرز کو پرتشدد عمل کے لیے کال نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اور دھاندلی زدہ انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہیں، سراج الحق

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اگر کسی امیدوار کو فارم 45 کے مطابق نتیجہ نہیں ملے گا تو وہ احتجاج تو کرے گا اور پر امن احتجاج ہر کسی کا حق ہے۔ میں سمجھتا ہوں 8 فروری کو لڑائی پارلیمان میں لڑی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر خیبر پختونخوا میں حکومت چلائی تھی اور جماعت اسلامی نظریاتی طور پر پی ٹی آئی کے بہت قریب ہے۔


متعلقہ خبریں