اگلا حکمران کون؟ ووٹنگ جاری، عوامی فیصلہ آج، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل


اسلام آباد: ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے میدان سج گیا۔ ووٹنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ملک کے نئے وزیر اعظم کا فیصلہ آج عوام کے ووٹوں سے ہو گا۔ 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 رجسٹرڈ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔

ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جن میں سے 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس اور 29 ہزار 985 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتخاب کے موقع پر پولیس، سول آرمڈ فورسز اور فوج کے جوان تعینات ہیں۔

حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ کنٹرول رومز کو بھی آپریشنل کر دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا۔

ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ سرکاری اسپتالوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے سامان میں بیلٹ بکس غائب، جماعت اسلامی کا احتجاج

اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہیں جن پر 10 لاکھ 83 ہزار 29 ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کی 141 اور پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں پر اپنے نمائندوں کے چناؤ کے لیے 7 کروڑ 32 لاکھ 7 ہزار 896 ووٹرز، سندھ سے قومی اسمبلی کی 61 اور سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں پر نمائندوں کے انتخاب کے لیے 2 کروڑ 69 لاکھ 94 ہزار 769 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سادہ اکثریت نہیں ملی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا، شہباز شریف

خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 45 اور صوبائی اسمبلی کی 115 نشستوں پر نمائندوں کے انتخاب کے لیے 2 کروڑ 19 لاکھ 28 ہزار 119 ووٹرز جبکہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 16 اور بلوچستان اسمبلی کی 51 نشستوں پر نمائندوں کے چناؤ کے لیے 53 لاکھ 71 ہزار 947 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز سمیت پولنگ کا دیگر سامان پریذائیڈنگ آفیسرز کے حوالے کیا گیا تھا۔

پولنگ کے دوران حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کے باہر پاک فوج تعینات ہے جبکہ مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹیوں پر موجود ہیں۔

پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز کے دروازے بند کر دیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج پولنگ ختم ہونے کے ایک گھنٹہ بعد جاری کیے جا سکیں گے۔

خیال رہے کہ عام انتخابات 2024 کے حوالے سے ووٹنگ کا عمل شروع ہوتے ہی ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری طرف انٹرنیٹ کی بندش کے باعث الیکشن کمیشن کے کمپلینٹ سیل کو شکایات درج کرانے والے شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں