کراچی: پولنگ اسٹیشن پہنچنے والے سامان میں بیلٹ بکس غائب، جماعت اسلامی کا احتجاج


کراچی: جماعت اسلامی نے انتخابات سے قبل دھاندلی و ضابطگی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمیشن کو خط ارسال کر دیا۔

جماعت اسلامی کے الیکشن سیل کے انچارج راجہ عارف سلطان نے انتخابات سے قبل دھاندلی اور بے ضابطگی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے نام خط جاری کر دیا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 238 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 102 کے پولنگ اسٹیشن میں سامان پہنچا تو اس میں سے بیلٹ پیپرز کی 10 بکس غائب نکلیں۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ فہرست کے مطابق 30 بکس لکھی ہوئی تھیں جبکہ تھیلا پھٹا ہوا تھا اور اندر 20 بکس موجود تھیں۔

ضلع شرقی میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 238 اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 102 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 269 غوثیہ ڈسپنسری کے پریزائڈنگ آفیسر محمد شکور کی جانب سے آر او کو تحریری اطلاع کی گئی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ایسی کسی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن بتائے یہ کیا تماشا ہے؟

انہوں نے اپنے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نظر رکھیں اور ایسے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں۔

ترجمان جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات میں دھاندلی اور بے ضابطگی کے مرتکب لوگوں کے خلاف کارروائی کرے اور انتخابات سے قبل بیلٹ پیپرز کی بکس کا غائب ہوجانا انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔


متعلقہ خبریں