صنعا پر امریکی اور برطانوی طیاروں کی بمباری


صنعا: یمن کے دارالحکومت صنعا پر امریکی اور برطانوی طیاروں نے شدید بمباری کی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی و برطانوی طیاروں نے صنعا ائرپورٹ کے قریب حوثیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 مقامات پر 30 اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جس میں حوثیوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور زیرزمین ہتھیاروں کا ذخیرہ ہدف تھے۔

امریکی سینٹرل کمان کے مطابق امریکہ نے حوثیوں کے 6 اینٹی شپ کروز میزائل حملے سے پہلے تباہ کر دیئے۔

گزشتہ روز بھی امریکہ نے عراق اور شام میں موجود ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی مظالم جاری ، بمباری سے مزید 112 فلسطینی شہید ، تعداد 27 ہزار سے تجاوز کر گئی

امریکی سینٹرل کمانڈ نے عراق اور شام میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی فوج نے عراق اور شام میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا اور ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے زیر استعمال 85 سے زائد مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حملوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول ہیڈ کوارٹر، انٹیلی جنس سنٹرز، راکٹ، میزائل، ڈرون اور گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے مقامات اور دیگر اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں