نیپرا نے کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید کر دی


اسلام آبادنیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے پاور سپلائی اینڈ ڈسٹری بیوشن لائسنس کی20سال کے لیے تجدید کر دی۔

نیپرا کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نان ایکسکلوسیو لائسنس کی تجدید بجلی کے شعبے کی لبرلائزیشن سے قبل کے الیکٹرک کی جانب سے دی گئی غیر خصوصی لائسنس کی درخواست کے بعد ہوئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک کے لائسنس کی تجدید کا فیصلہ ایک جامع سماعت کے بعد کیا گیا جس کے بعد کے الیکٹرک کو مزید 20 سال تک کراچی، اُوتھل، بیلہ، وندر، حب، دھابیجی اور گھارو میں بجلی کی فراہمی جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا کلاشنکوف کلچر ختم کرنے پر غور

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک کا سابقہ 20 سالہ لائسنس جولائی 2023 میں اپنی مدت پوری کر چکا تھا جس کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک کو 6 ماہ کے لیے بجلی کی  تقسیم کا عبوری لائسنس جاری کیا تھا۔

نیپرا کی جانب سے 20 سال کی تجدید کے بعد کے الیکٹرک 2044 تک کراچی اور دیگر علاقوں کو بجلی کی فراہمی جاری رکھے گی۔


متعلقہ خبریں