سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا، اکبر ایس بابر

اکبر ایس بابر

اسلام آباد: اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا ہے اور گزشتہ 2 روز میں بڑے بڑے جھوٹ کے بت ٹوٹے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے آج تاریخی فیصلہ سنایا ہے اور پاکستان کی جمہوریت میں یہ نئی سمت کا تعین ہو گا۔ ہم نے اپنے مؤقف میں بڑی جدوجہد کی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ جب تفصیلی فیصلہ آئے گا تو انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس عمل میں شامل ہونا پڑے گا، یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے امیدوار آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے، بیرسٹر گوہر

اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف کو رول ماڈل بننا تھا جس کی طرف ایک قدم اٹھایا ہے اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کا بنیادی و آئینی حق ہے کہ وہ اپنے قائدین کا انتخاب کریں۔ اس عمل میں پچھلے 2 دن تاریخی ہیں اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے قوم میں شعور پیدا ہوا ہے اور پاکستان کے جمہوری نظام کو امید کی ضرورت ہے جس میں لوگ حصہ بن سکیں۔ پچھلے 2 دنوں میں بڑے بڑے جھوٹ کے بت ٹوٹے ہیں۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ 2011 سے پی ٹی آئی کو ایک ادارہ بنانے کی مہم شروع کی تھی۔ ہم فارن فنڈنگ اور انٹرا پارٹی فیصلے میں سچے ثابت ہوئے ہیں اور سچائی کی طاقت ہوتی ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا۔ اس فیصلے کے بعد باقی جماعتوں میں بھی یہی عمل آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج روزانہ کی بنیاد پر حالات بدل رہے ہیں جبکہ سیاسی جماعتوں میں میرٹ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں