ہمارے امیدوار آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر (barrister gohar)

اسلام آباد: بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہمارے امیدوار اب فیصلے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخاب لڑیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے مایوسی ہوئی تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ 10 کروڑ ووٹرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ ٹیکنیکل بنیادوں پر کیا گیا ہے جبکہ ہم نے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا تھا پشاور ہائیکورٹ میں اپیل پینڈنگ ہے اور پشاور ہائیکورٹ میں اپیل اس لیے کی تھی کہ پارٹی انتخابات پشاور میں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار، پی ٹی آئی سے بلا چھن گیا

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالت کے فیصلے دیر سے آتے رہتے ہیں اور اس میں کوئی بات نہیں تاہم ہم اس فیصلے کے خلاف ری ویو کریں گے اور یہ فیصلہ نہیں رہے گا۔ آج کے فیصلے سے ہماری 227 ریزرو سیٹیں چلی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار اب اس فیصلے کے بعد آزاد حیثیت میں انتخابات لڑیں گے اور ہم چاہتے ہیں پاکستان کی پارلیمنٹ مضبوط ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی پارلیمنٹ کرپشن سے پاک ہو اور عدلیہ کا کام ہے کہ بنیادی انسانی حقوق کی حفاظت کرے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی مضبوط پارٹی ہے ہم اسے دوبارہ آرگنائز کریں گے۔


متعلقہ خبریں