پی آئی اے کی نجکاری کیلئے غیرملکی فرم کو70 لاکھ ڈالرز دینے کا فیصلہ

پی آئی اے pia

حکومت پاکستان قومی ائیرلائن کی نجکاری کے لیے ایک غیرملکی فنانشل ایڈوائزر فرم کو 70 لاکھ امریکی ڈالرز ادا کرے گی۔

اس مقصد کے لئے پاکستان نے غیرملکی فرم ارنسٹ اینڈ ینگ کی خدمات پی آئی اے نجکاری کے لئے پچھلے ماہ حاصل کی تھیں۔

پچھلے سالوں میں کسی بھی کمپنی کی نجکاری کے عمل پرسروس کے عوض 70 لاکھ امریکی ڈالرز یعنی لگ بھگ دوارب پاکستانی روپے کی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔

ہم انویسٹگیشن ٹیم کو موصول دستاویزات کے مطابق حکومت جلد از جلد پی آئی اے کی نجکاری چاہتی ہے، قومی ائیرلائن کو اس وقت 850 ارب روپے سے زائد مجموعی خسارے کا سامنا ہے۔

حکام بتاتے ہیں کہ ہائرکی گئی بین الاقوامی فنانشل ایڈوائزر، ارنسٹ اینڈ ینگ، کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے اپنے پہلے فیزکی رپورٹ بھی جمع کرادی ہے، پہلے فیزکی تکمیل پر فرم کومعاوضے کا 25 فیصد یعنی ساڑھے 17 لاکھ ڈالرز کی ترسیل کا عمل شروع بھی ہوگیا ہے۔

فرم نے پہلے فیزمیں پروجیکٹ چارٹر،عملدرآمد پلان اورقانونی عمل نجکاری کمیشن کے حوالے کردیا، دوسرے فیز میں ساڑھے دس لاکھ ڈالرزسے زائد کی ادائیگی ہوگی، فرم دوسرے فیزمیں شیڈول آف ارینجمنٹ پلان پیش کرے گی، تیسرے فیزمیں کمپنی فائلنگ اپرول منصوبہ پیش ہوگا، تیسرے مرحلے کے لئے پاکستان فرم کو ساڑھے چوبیس لاکھ ڈالرزادا کرے گا۔

پی آئی اے کارپوریشن کی نجکاری کے لیے مالیاتی خدمات کے معاہدے پر دستخط ہو گئے

آخری مرحلے پر پی آئی اے نجکاری کی ٹینڈرپلان اورکمپنیوں کو مدعو کرنے کا پلان ہوگا، آخری مرحلے میں فرم کو ساڑھے سترہ لاکھ ڈالرز کی ادائیگی ہوگی، پی آئی اے نجکاری کے لئے چار بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنی فنانشل پروپوزل جمع کرائی تھی، ارنسٹ اینڈ ینگ سترلاکھ ڈالرز کے ساتھ کامیاب رہی تھی۔

غیرملکی فرم، سی بری انٹرنیشنل نے 23 ملین ڈالرز کی فنانشل پروپزل کی بولی دی تھی، روتھچالڈ اینڈ کمپنی نے اپنی بولی میں 28 ملین ڈالرز کا فنانشل پلان دیا تھا،ہولیہان لوکی فرم فنانشل پروپزل سٹیج پے بولی کی ریس سے علیحدہ کردی گئی تھی۔

نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کہتے ہیں، تمام دلچسپی لینے والی فرم میں اے اینڈ وائی فرم کی سب کم پروپزل تھی، فواد حسن فواد نے ہم انویسٹگیشن ٹیم کے ہیڈ سے گفتگومیں واضح کیا کہ نجکاری بورڈ نے کم ترین بولی دینے والے فنانشل ایڈوائزرتعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ نجکاری کا تمام ترعمل شفاف ترین اور ویڈیوریکارڈڈ ہے، فواد حسن فواد نے گفتگومیں مزید بتایا کہ انٹرنیشنل فرم کی خدمات حاصل کرنے کا مقصد پورے پی آئی اے کی نجکاری کے پراسس کو شفاف ترین رکھنا تھا تاکہ حکومت پاکستان اپنے ایک بڑے اثاثے کو صحیح قیمت پرفروخت کرسکے۔

نجکاری کے تمام مرحلے، فرم کی خدمات سے ٹینڈرنگ پراسس تک، ویڈیوریکارڈڈ ہیں اس لیے کسی بدانتظامی، اقربا پروری یا کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں