سول کورٹ کے بیلف نے پولیس کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور عدنان رشید کے دفتر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
یہ واقعہ پیر کی صبح اے ڈی سی آر لاہور کے دفتر میں پیش آیا جب بیلف پولیس کے ہمراہ کمرے میں داخل ہوا۔ بیلف نے اے ڈی سی آر کے پی اے سے بات کی اور اسے عدالتی احکامات دکھائے اور اس سے پوچھا کہ کیا اے ڈی سی آر کے پاس اعلیٰ عدالت کا کوئی حکم امتناعی ہے؟
جعلی ادویات بنا نیوالی فیکٹری پرچھاپہ ،مالک اور5 ملازم گرفتار
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عدنان رشید اپنی نشست سے کھڑے ہو کر دریافت کرتے ہیں کہ معاملہ کیا ہے۔ اتنے میں بیلف افسر کو ہتھکڑی لگا کر گرفتار کرلیا ہے۔
ویڈیو میں اے ڈی سی آر عدنان رشید کو بیلف سے ہتھکڑی ہٹانے کی درخواست کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ بار بار کہہ رہے ہیں کہ وہ تعاون کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ چلیں گے لیکن بیلف نے ہتھکڑی ہٹانے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے گلبرگ میں کچی آبادی قرار دی جانے والی 6 کنال قیمتی زمین کی ملکیت کیس میں سول جج شفقت رسول کے حکم پر اے ڈی سی آر کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا۔