معیشت کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، اسد عمر


اسلام آباد: تحریک انصاف کے سینیئر رہنما اور شیڈو وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ معیشت سنبھالنے کے لیے بڑے اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ آج معیشت کی جو صورتحال ہے اسے دیکھتے ہوئے مزید انتظار نہیں کیا جا سکتا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو ہربات سے آگاہ کیا جائے کہ ملک کس سمت گامزن ہے اور ڈالر کی قدر کیوں بڑھ رہی ہے جبکہ بیرونی زرمبادلہ کے ذخائر کیوں تیزی سے گر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے کی وجہ زیادہ قرض لینا ہے جبکہ معیشت اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ ہم بیل آؤٹ پیکیج کی طرف جا رہے ہیں، دوسری جانب روپے کی قدرگرنے  سے  ہر پاکستانی خاندان 40  ہزار روپے سے زائد کا مقروض ہوگیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ نگراں حکومت معیشت سے متعلق پالیسی دے اور حقائق  پر مبنی زر مبادلہ کے ذخائرسے متعلق قوم کو سچائی سے آگاہ  کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر گر رہے ہیں اور یہ مزید گر کر چھ ہفتے کے رہ جائیں گے جبکہ حکومت اسٹیٹ بینک سے دو ہزار384 ارب روپے کے قرضے لے چکی ہے۔

انہوں نے بجلی اور پانی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی کمی میں کوئی فرق آیا  ہے نہ لوڈشیڈنگ میں، دوسری طرف پانی کا سنگین مسئلہ ہے جس کے لیے اسلام آباد کے شہری شاہد خاقان عباسی سے ضرور پوچھیں گے۔


متعلقہ خبریں