فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر: برازیل، ارجنٹائن میچ، اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا


برازیل میں ہونے والے ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر میں برازیل اور ارجنٹائن میچ سے قبل اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔

برازیل کے ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا اسٹیڈیم میں برازیل اور ارجنٹائن کے درمیان فٹبال ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر میچ کھیلا گیا۔ فیفا ورلڈکپ کوالیفائر میں ارجنٹینا نے برازیل کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

برازیل کو تاریخ میں پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ میچ میں ارجنٹینا نے برازیل کو ہوم گراؤنڈ پر 0-1 سے شکست دے دی۔ حریف ٹیم کی جانب سے نیکولاس اوٹامینڈی نے 63 ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

میچ سے قبل ہی ریو ڈی جنیرو کا اسٹیڈیم میدان جنگ بن گیا۔ کوالیفائر میچ کے دوران ارجنٹائن اور برازیل کے شائقین آپس میں گتھم گتھا ہو گئے۔

برازیلین پولیس نے مہمان تماشائیوں پر چڑھائی کر دی جس میں اہلکاروں سمیت درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ کھلاڑیوں نے شائقین کو پرسکون رہنے کی تلقین کی اور ایک مرحلے پر ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹینیز نے شائقین پر لاٹھی چارج کرنے والے پولیس اہلکاروں کو روکنے کے لیے آہنی دیوار پھاند کر نشستوں میں پہنچنے کی کوشش بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: موقع ملا تو ٹی 20 ورلڈ کپ ضرور کھیلوں گا، شعیب ملک

معاملہ اس حد تک بڑھ گیا کہ اسے سنبھالنے کے لیے لیونل میسی اور ان کی ٹیم کے ارکان کو تماشائیوں کے درمیان جانا پڑا۔

میسی نے پولیس پر ارجنٹائن کے شائقین کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیکھ رہے تھے کہ وہ شائقین کو پیٹ رہے تھے، انہوں نے ڈنڈوں سے ان پر تشدد کیا، وہاں پر لوگ اپنی فیملیز کے ساتھ موجود تھے۔

اس ہنگامے کے سبب میچ کا آغاز تاخیر کا شکار ہوا اور شام ساڑھے سات بجے شیڈول میچ 25 منٹ تاخیر کے بعد شروع ہوا۔


متعلقہ خبریں