اسلام آباد: کراچی کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں کے الیکٹرک کے لیے یکساں ٹیرف کے تحت کراچی والوں کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔
کے الیکٹرک کے صارفین سے 46 پیسے فی یونٹ کی اضافی وصولیاں آئندہ 3 ماہ میں کی جائیں گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے مالی بحران سے نمٹنے کے لیے 100 ارب روپے کی حکومتی گارنٹی منظور کر لی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر کی طرف سے مواقع فراہم نہ کرنے کی شکایت افسوسناک ہے، نگران وزیر اطلاعات
پنجاب کے لیے گرین کارپوریٹیو اقدامات کی مد میں وفاقی حکومت نے 20 ارب روپے فراہم کرنے کی منظوری بھی دی ہے جس کے لیے ای سی سی نے صوبائی حکومت کو گرین انشیٹیو کمپنیوں سے براہ راست اس ضمن میں رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق چمن سرحد پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو مشاورت کے ساتھ بی آئی ایس پی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔