پارکنگ اور ٹریفک کیلئے پیدا کردہ مسائل کا فوری سدباب کیا جائے، نگران وزیر اعظم


اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پارکنگ اور ٹریفک کے لیے پیدا کردہ مسائل کا فوری سدباب کیا جائے۔

اسلام آباد کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال اور انسداد منشیات کے حوالے سے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ پارکنگ اور ٹریفک کے لیے پیدا کردہ مسائل کا فوری سدباب کیا جائے اور گاڑیوں کی نمائش، نیلامی و خرید و فروخت کے لیے کار سٹی کا جامع منصوبہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

نگران وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کے لیے مزید 160 نئی بسیں آنے والی ہیں اور نئی بسیں آنے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید مؤثر ہو جائے گا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے مرکزی ڈیجیٹل نظام کا قیام عمل میں لایا جائے اور پرانی گاڑیوں کی ماحولیاتی آلودگی کے معیار پر فٹنس سرٹیفکیٹ کا اجرا کیا جائے۔ ملک بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین پی ٹی آئی پر ابھی متعدد کیسز چل رہے ہیں ،عطاتارڑ

اجلاس میں وزیراعظم کو مارگلہ نیشنل پارک کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے۔

اجلاس میں نگران وزیر اعظم کو امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں برس جرائم کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔

نگران وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی تشکیل دے۔ نگران وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو اسکولوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات لینے کی ہدایت کی۔

نگران وزیر اعظم نے اسلام آباد میں ڈولفن فورس کے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں