الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطینی شہدا کی یاد میں 10ہزار پودے لگائے


راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن نے اسموگ فری مہم فلسطینی شہدا کے نام پر 10 ہزار پودے لگا دیئے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے اسموگ فری مہم کے دوران شجر کاری میں سینکڑوں رضاکاروں نے 10 ہزار پودے لگائے۔ الخدمت رہنماؤں کے مطابق مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر مشتاق مانگٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن عالمی تنظمیوں کے اشتراک سے غزہ میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ میں جنگ بندی پر تعمیرنو اور بحالی میں بھی کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے آج کے پروگرام کو فلسطین کے شہدا سے منسوب کیا گیا ہے جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن فلسطین میں بین الاقوامی رفاہی اداروں کے تعاون سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی، عطا اللہ تارڑ

مشتاق مانگٹ نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد لوگوں تک احساس پہنچانا ہے کہ ہم غزہ کے شہدا کو بھولے نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے ذریعے پودے لگانے کا اہتمام کر رہی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ نوجوانوں کا مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند ہے اور ایک درخت لگانا بھی صدقہ جاریہ ہوتا ہے۔

سید احسان اللہ وقاص نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ماحول کی بہتری میں اپنا کردارادا کریں۔


متعلقہ خبریں