ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی، عطا اللہ تارڑ

متحدہ عرب امارات

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی اور استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ کچھ سیٹوں پر معاملات طے ہو سکتے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم دیکھیں گے منصورعلی خان کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف فیلڈ میں کہیں نظر نہیں آتی اور تحریک انصاف جتنی تیزی سے بنائی گئی تھی اتنی تیزی سے ٹوٹی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ مینار پاکستان پر مسلم لیگ ن کا جلسہ شاندار اور کامیاب تھا جبکہ ہمیں طعنہ دیا جاتا تھا کہ مینار پاکستان کا گراؤنڈ کبھی نہیں بھرا لیکن ہم نے مینار پاکستان کا گراؤنڈ اوور فلو کر کے دکھایا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور امید ہے ہمیں اکثریت ملے گی۔ ہم پیپلز پارٹی کے بیانات کا جواب نہیں دے رہے اور اتحادی حکومت بنانی پڑی تو ہم ضرور بنائیں گے۔ ہماری پارٹی میٹنگ بھی ہو چکی جس میں بڑ ے بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آذربائیجان کے صدر،وزیردفاع ،چیف آف جنرل سٹاف و دیگر سے ملاقاتیں

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے پاس اچھے لوگ موجود ہیں تاہم ان کے ساتھ انتخابی اتحاد کا کہنا قبل از وقت ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ کچھ سیٹوں پر معاملات طے ہو سکتے ہیں اور انہوں ںے خانیوال میں اچھا جلسہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نکالا تو علیم خان اور جہانگیر ترین نے اپنی پارٹی بنائی لیکن اب آئی پی پی انتخابات میں ایسا بیانیہ لے کر جائے جہاں سے ان کو زیادہ ووٹ مل سکیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پرو نواز شریف ووٹ آئی پی پی کو پڑنا نہیں ہے، ہمارا پورا ووٹ بینک ہے اور ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ آئی پی پی نومولود جماعت ہے جنہیں اپنا ووٹ بینک نئے سرے سے بنانا ہے جبکہ عون چودھری کا ایئر پورٹ پر جانا ان کی ذاتی خواہش تھی۔


متعلقہ خبریں