حکومت روڑے نہ اٹکائے، غزہ مارچ ہر صورت ہو گا، سراج الحق


اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ہمارے راستے میں روڑے نہ اٹکائے، غزہ مارچ ہر صورت میں ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں 29 اکتوبر کے غزہ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں اور اس حوالے سے مقامی انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ امریکہ کھلم کھلا اسرائیل سے تعاون کر رہا ہے اور ہمارے امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کے اعلان پر انتظامیہ کو تکلیف ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کا ملاقات کی تصاویر جاری کرنا انتہائی نامناسب ہے، اسد قیصر

سراج الحق نے کہا کہ غزہ کے لوگ لاوارث نہیں ہیں ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ غزہ مارچ ہر حال میں ہو گا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان غزہ مارچ میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگ بارود کے شعلوں میں کھڑے ہیں اور ہم نہیں چاہتے زندگی میں ایک اور سقوط ثمرقند دیکھیں۔ اسرائیل نے غزہ پر زمینی حملے شروع کر دیئے ہیں اور مسجد اقصیٰ کوعبادت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ میں7 اسپتال تباہ اور اسکولوں پر حملے کیے جا رہے ہیں لیکن عالم اسلام سمیت پوری دنیا تماشا دیکھ رہی ہے۔ فلسطینیوں کی مدد کرنا ہمارا فرض ہے اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اعتراف کیا کہ فلسطینی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں