اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان

خوشاب: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے پاکستان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین انبیا کی سرزمین ہے اور امت مسلمہ کے سربراہان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ فلسطین کے حق میں آپ کا مؤقف کہاں دفن ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا مافیا ڈالر کا استعمال کر رہا ہے اور ملک میں صرف سیاست دان نشانے پر ہیں۔ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کرکے حکومت بنائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں جانوروں کے ٹیکس کے ٹھیکوں میں بےضابطگیوں کا انکشاف

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حوالے کر دیا گیا ہے لیکن یہ غلامی اب نہیں چلے گی۔ اسلام انسانی حقوق کے تحفظ کا باقاعدہ نظام رکھتا ہے اور ہم جب تک قرآن و سنت کو اپنا رہنما نہیں سمجھیں گے تب تک خوشحالی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست میں عام آدمی کی تربیت یوں کی جا رہی ہے کہ صرف نماز پڑھ لی جائے اور پارلیمنٹ کو ایسے ایسے لوگوں سے بھر دیا جاتا ہے جنہیں قرآن و سنت کا پتہ ہی نہیں ہوتا، ہماری نوجوان نسل کو اس حد تک کھائی میں پھینکا گیا ہے کہ وہ ہر طرح کی اخلاقیات سے دور چلا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں