دہشتگردی کی نئی لہر، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد محفوظ ترین شہرقرار

Police

پشاور(طارق وحید، بیورو چیف پشاور، ہم ڈیجیٹل) دہشتگردی کی نئی لہر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد محفوظ ترین شہرقرار جبکہ پنجاب میں سب سے کم واقعات رپورٹ ہوئے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی واقعات 2015 کےبعد رواں سال کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئے، گزشتہ 9ماہ کے دوران دہشتگردی واقعات اور آپریشنز میں 1087 افراد ہلاک ہوئے۔

اس حوالے سے سنٹر فار ریسرچ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز پاکستان نے اپنی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پرحملوں کی شرح 11 سال میں سب سے زیادہ رہی، 2021 میں افغان حکومت تبدیلی کے بعد پاکستان میں پولیس، سیکیورٹی فورس پر حملوں میں مسلسل اضافہ سامنے آیا، 9 ماہ کے دوران 386 پولیس،سکیورٹی اہلکار،368 دہشت گرد جبکہ ان حملوں میں 333 عام شہری بھی مارے گئے۔

حملوں سے92 فیصد اموات خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سامنے آئیں، رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں حملوں اور آپریشن میں 445 افراد ہلاک جبکہ440 لوگ زخمی ہوئے۔

سی آرایس ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 94 فیصد حملے اورہلاکتیں خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں رپورٹ ہوئیں۔ سال کی تیسری سہ ماہی میں پر تشدد واقعات 57 فیصد بڑھ گئے۔

رپورٹ کے مطابق تیسری سہ ماہی میں سب سے زیادہ 58 فیصد عام شہری ہلاک ہوئے،23 فیصد پولیس اور سیکیورٹی اہلکار نشانہ بنے ہیں۔


متعلقہ خبریں