ایشیا کپ، صرف پاک بھارت میچ میں ریزرو ڈے رکھنے کی بڑی وجہ براڈکاسٹرز


ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں صرف پاک بھارت میچ کیلئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ریزرو ڈے کا اعلان کیے جانے کی وجہ سامنے آگئی۔

ایک رپورٹ میں نشریات کی انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ذرائع کی طرف سے پاک بھارت میچ میں ریزرو ڈے سے متعلق راز سامنے لایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق کولمبو میں بارش سے میچ متاثر ہونے کے خدشات ضرور تھے لیکن ہمبنٹوٹا کو متبادل وینیو بنانے کی تجویز کبھی زیر غور آئی ہی نہیں۔

ایشیا کپ: پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل ٹکرائیں گی

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے براڈ کاسٹر نے ٹورنامنٹ کے حقوق 4 کروڑ امریکی ڈالر کے عوض حاصل کیے۔ ان میں سے 3 کروڑ 80 لاکھ میگا ایونٹ میں صرف پاک بھارت مقابلوں کے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹورنامنٹ میں زیادہ رقم سُپر 4 اور روایتی حریفوں کے ممکنہ فائنل سے ہونے کی توقع ہوتی ہے۔ یہی  وجہ ہے کہ ایونٹ کے مالی استحکام کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز ہی سب سے زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

ذرائع نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بہتات میں ریزرو ڈے سمیت یا اس کے بغیر براڈ کاسٹرز کیلئے روایتی حریفوں کے مقابلوں سے بڑی کوئی پراپرٹی نہیں۔

کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریزرو ڈے پر میچ 1999 میں کھیلا گیا

خیال رہے کہ 10 ستمبر کو کھیلے گئے پاک بھارت میچ کیلئے اے سی سی کی طرف سے کولمبو کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ریزرو ڈے کا اعلان کیا گیا تھا۔ میچ پہلے دن بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہونے کے بعد اگلے دن مکمل کیا گیا تھا۔

اے سی سی کے اس فیصلے پر سُپر فور مرحلے میں موجود سری لنکن اور بنگلہ دیشی کوچز کی جانب سے اعتراض بھی سامنے آیا تھا۔


متعلقہ خبریں