مراکش زلزلہ، الخدمت فاؤنڈیشن کا 5 کروڑ روپے سے امدادی سرگرمیوں کا آغاز


اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن نے 5 کروڑ روپے کی لاگت سے مراکش کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔

الخدمت فاونڈیشن کے وفد نے ایئر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب کی سربراہی میں پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد کرمون سے ملاقات کی اور مراکش میں ہولناک زلزلہ سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وفد کے سربراہ ایئر مارشل (ر) فاروق حبیب نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے 5 کروڑ کی لاگت سے مراکش کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ جس میں خوراک، طبی امداد اور شیلٹر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت ریلیف سرگرمیاں اپنی بیرون ممالک برادر تنظیمات کے تعاون سے جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھی مراکش کے زلزلہ متاثرین کے لیے اپیل بھی جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: قوم متحد رہی تو مزید بہتر نتائج سامنے آئیں گے، سراج الحق

وفد میں شامل ایئر مارشل (ر) ارشد ملک نے مراکش کے سفیر کو بتایا کہ الخدمت کی آرتھوپیڈک ڈاکٹروں اور عملے کی قابل ٹیم ضروری طبی سامان کے ہمراہ بالکل تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر مراکش کے متاثرہ علاقوں میں خدمات سر انجام دے سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کو چونکہ اِس سے پہلے ترکی، جاپان، افغانستان، نیپال اور لبنان جیسے ممالک میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کا تجربہ ہے اس لیے وہ مراکش میں بھی سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں اپنی خدمات سر انجام دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر مراکش کے سفیر محمد کرمون نے الخدمت فاؤنڈیشن کے جذبہ خیر سگالی اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں