کچھ کاروباری افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی خبریں جھوٹی ہیں، نگران وزیر خارجہ


اسلام آباد: نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ کچھ کاروباری افراد کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق خبریں جھوٹی ہیں۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ ملک کے اندر اور باہر اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ اوور سیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہو گی اور اوورسیز پاکستانیوں کی لینڈ گریبنگ کے مسائل پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبا کے ویزا میں تاخیر کے حوالے سے تمام سفیروں سے بات کی ہے اور سفیروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جلد اس مسئلہ کو حل کریں گے۔ ہمارے خطے میں تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

سی پیک سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک کامیاب منصوبہ ہے اور سی پیک کے سیکنڈ فیز میں بھی ترقی نظر آئے گی۔ نگران حکومت کا مینڈیٹ آئین میں واضح ہے اور نگران حکومت اپنے آئینی مینڈیٹ سے ہر گز تجاوز نہیں کر رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے اندر اور باہر اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کام شروع کیا ہے ، سرفراز بگٹی

ڈالر کی اسمگلنگ پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈالر کی اسمگلنگ کرانے والوں کے ساتھ کوئی کمپرومائز نہیں ہو گا تاہم کچھ کاروباری افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی خبریں جھوٹی ہیں۔ انویسٹمنٹ کے ماحول کو بہتر کرنے کے لیے کام کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات بہت افسوسناک ہیں اور افغان حکومت سے امید ہے کہ وہ اس طرح کے دہشتگردوں کی سرکوبی کرے گی۔ دہشتگردی کے واقعات پر وزارت خارجہ نے احتجاج بھی کیا ہے اور پاکستان میں اس واقعے پر پرزور احتجاج کیا گیا۔ افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپنی زمین سے کی جانے والی کاروائیوں کو روکے۔ ہمارے سفیر افغانستان میں ہیں اور وہ رابطے میں ہیں۔


متعلقہ خبریں