سمندری طوفان آئیڈیلیا امریکہ سے ٹکرا گیا


فلوریڈا: سمندری طوفان آئیڈیلیا 125 میل فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کے ساتھ فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سمندری طوفان آئیڈیلیا کے باعث فلوریڈا میں موسلادھار بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہو گیا جبکہ ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو گئی۔ بارش کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔

سمندری طوفان کے باعث فلوریڈا، جارجیا اور جنوبی کیرولائنا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے جبکہ ساحلی علاقوں سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی دشمنوں کیساتھ وہی کروں گا جو میرے ساتھ ہو رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

آئیڈیلیا طوفان کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ 2 ہزار کے قریب پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں تعلیمی اداروں کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 4 سے 8 انچ تک بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔


متعلقہ خبریں