بھارت کیخلاف جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے، افتخار احمد

Iftikhar Ahmed

ملتان: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے کہا ہے کہ ہمارے لیے ہر میچ اہم ہوتا ہے، بھارت کے خلاف جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے افتتاحی میچ کے بعد افتخار احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈے کی پہلی سنچری اسکور کرنے پر بہت خوش ہوں، میچ کی صورتحال کے مطابق بیٹنگ کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں وکٹ پر آیا تو وکٹ مشکل لگ رہی تھی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وکٹ بہتر ہوتی گئی اور طویل عرصہ بعد مجھے پوری بیٹنگ کرنے کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھیں: فائیو سائیڈ ایشیا ہاکی کپ، پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو شکست

افتخار احمد نے کہا کہ زیادہ تر مجھے 35 یا 40 اوورز کے بعد بیٹنگ کا موقع ملا اور نمبر چھ پر سنچری اسکور کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے ہارڈ ہٹنگ پر زیادہ زور دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔ بین الاقوامی میچ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سنچری آسان نہیں ہوتی اور نیپال بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح کے بعد یہاں آیا ہے۔ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، جب آپ کا ساتھی رنز کر رہا ہوں تو بیٹنگ آسان ہو جاتی ہے۔

واضح رہے کہ نیپال کے خلاف ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افتخار احمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری ہے۔


متعلقہ خبریں