سعود شکیل ملک سے باہر اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے تیار


سعود شکیل سری لنکا کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز پاکستانی بیٹنگ لائن کے ایک اہم رکن کی حیثیت سے کریں گے۔

سعود شکیل نے ٹھیک ایک سال قبل گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچ باہر بیٹھ کر دیکھے تھے،سعود شکیل نے گزشتہ سال دسمبر میں انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سعود شکیل کو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا تھا اور انہوں نے میچ کی دوسری اننگز میں 76 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی تھی۔

ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 63 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز میں وہ 94 رنز بناتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو355 رنز کے ہدف کے قریب لے آئے تھے۔

شاہین آفریدی کو ٹیسٹ میچوں میں وکٹوں کی سنچری کیلئے ایک وکٹ درکار

سعود شکیل نے اس سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں بھی نصف سنچری بنائی تھی اور جب نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کراچی میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے تو پہلے ٹیسٹ میں ناقابلِ شکست نصف سنچری بنانے کے بعد اگلے ٹیسٹ میں انہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کرتے ہوئے125 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی۔

یہ وہی گراؤنڈ ہے جہاں سعود شکیل نے اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری بھی بنائی تھی،سعود شکیل اب تک 5 ٹیسٹ میچوں کی 10 اننگز میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 580 رنز بنا چکے ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کے بنائے گئے رنز کی تعداد 4844 اور اوسط پچاس سے زیادہ ہے۔

سعود شکیل کیلئے ایک نیا چیلنج یہ ہے کہ وہ ملک سے باہر پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ہیں،27 سالہ سعود شکیل نے اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے کراچی اور لاہور کے ٹریننگ کیمپ میں سخت محنت کی ہے اور خود کو تیار کر رکھا ہے۔


متعلقہ خبریں