جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع

بارش (rain)

ملک میں کل کہاں کہاں موسلا دھار بارش ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا


محکمہ موسمیات نے جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آج سے مون سون کا آغا ز ہو جائے گا،بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔

بلوچستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ سندھ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، گوجرانوالا اور لاہور میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بارشوں کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب مون سون کے دوسرے اسپیل پر پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا ہے، پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے افسران بارش کے فوری بعد نکاسی آب کو یقینی بنائیں،شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں، خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

محکمہ موسمیات کی 17 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی

آزاد کشمیر میں بھی بعض مقامات پربارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد میں آندھی،تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بارکھان، موسٰی خیل، کوہلو، لورالائی، ژوب، قلات اورپنجگور میں بارش جبکہ آواران اور خضدار میں آندھی،تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، حافظ آباد، قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ساہیوال، سرگودھا، خوشاب، لیہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا،چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، پشاور،چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کرم اورکوہاٹ میں بارش جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان، بنوں، ٹانک اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم خشک رہے گا،ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں