میرا تمغہ امتیاز مہوش حیات کو دے دیا گیا، حسیب پاشا کا انکشاف


حسیب پاشا نے انسٹاگرام پر وائرل ایک انٹرویو میں کہاہے کہ میرا تمغہ امتیاز مہوش حیات کو دے دیا گیا۔

پاکستان کے معروف ڈرامے عینک والا جن میں ہامون جادوگر کا کردار ادا کرنے والے حسیب پاشا کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا کہ مجھے دیے جانے والا تمغہ امتیاز اداکارہ مہوش حیات کو دے دیا گیا۔

سرکاری سطح پر ملنے والے اعزازات کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین الحمرا عطا الحق قاسمی میرا ڈرامہ عینک والا جن 3 سے 4 مرتبہ دیکھ چکے ہیں انہیں جب چیئرمین بنایا گیا تو انہوں نے مجھ سے کہا کہ جتنا کام آپ کرچکے ہیں، آپ کو پرائڈ آف پرفارمنس ملنا چاہیے۔

حسیب پاشا کا کہنا تھا کہ میں ان کی بات سن کر حیران ہوا لیکن ساتھ ہی بہت خوش ہوگیا انہوں نے مجھ سے کہا کہ آپ کا نام 16 رکنی کمیٹی سے منظور کروانے کے بعد اسلام آباد بھیج دیاہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا نام اسلام آباد میں اس لسٹ سے نکال دیا گیا، میرا نام چار سال تک اس اعزاز کے لئے بھیجا جاتا رہا لیکن اعزاز دیے جانے والے دن کسی انتقال کر جانے والے فنکار کو دے دیا جاتا۔

ہامون جادوگر سے معروف حسیب پاشا نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ ایک ڈرامہ سیریل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات کو میرا ایوارڈ دے دیا گیا۔

حسیب پاشا کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا جو بندہ 40 سال سے بچوں کیلئے کام کررہا ہے اس کیلئے کوئی اعزاز نہیں اور اس کی جگہ ایک سیریل کرنے والی اداکارہ کو یہ اعزاز دے دیا گیا کیوں کہ اس سیریل میں اس اداکارہ نے خوبصورت پرفارمنس دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بچی کو یہ ایوارڈ دیا گیا کچھ تو خیال رکھنا چاہیے مجھے سمجھ نہیں آتا اسلام آباد میں کون سے شہنشاہ جنات بیٹھے ہیں جو میرا نام نکال دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں