عید کے بعد سعودی عرب سے بڑی خوشخبری آئے گی، پاکستانی حکام پُرامید


پاکستانی حکام عید الفطر کے بعد سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹس کی فراہمی کے معاہدہ کے لیے پرامید ہیں۔

دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کے لیے یہ ذخائر بہت اہم ہیں، حکومت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے بیرونی فنانسنگ حاصل کرنے کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 14 اپریل تک 4.3 ارب ڈالر تھے۔

ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار کے مطابق اسٹیٹ بینک سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ عید کے فوری بعد 2 ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹس کے معاہدے پر دستخط کرےگا۔ سعودی عرب کی جانب سے آئی ایم ایف کو پاکستان کے لیے اضافی فنانسنگ کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔

سعودی ولی عہد پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے خواہشمند

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے بالترتیب 2 ارب ڈالر اور 1 ارب ڈالر کی اضافی مالی امداد کی تصدیق کردی ہے۔

سعودی عرب پہلے ہی ایک سال کے لیے 3 ارب ڈالر سے زیادہ کے ڈیپازٹس کر چکا ہے جو 5 دسمبر 2022 کو میچور ہوگیا، یہ 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس اسٹیٹ بینک کے پاس پڑے ہوئے 4.43 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر کا حصہ ہیں۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 3 ارب ڈالر کی تصدیق کے باوجود آئی ایم ایف نے اسلام آباد سے کہا ہےکہ وہ اسٹاف لیول معاہدے کے لیے مزید بیرونی ڈالرز کا انتظام کرے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں