اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نااہل ہو سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق کیس زیر سماعت ہے اور 2 ججز کے الگ ہوجانے سے کیس پہلے ہی خارج ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان ماضی کا قصہ بنتے جا رہے ہیں، مریم اورنگزیب
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان ملک کو انتشار اور انارکی کی طرف دھکیل رہا ہے تاہم ہم عمران خان کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے۔ عمران خان میں تحریک چلانے کی کوئی ہمت نہیں ہے اور ملک کو انارکی کی طرف لے جانا عمران خان کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بات چیت کرنا ہی نہیں چاہتے اور جب بات چیت کی بات کی جائے تو وہ کہتے ہیں میں مر جاؤں گا ان کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا۔ عمران خان کے ایسے جرائم بھی ہیں جن سے یہ نااہل بھی ہو سکتے ہیں۔