صحافی ارشد شریف کی میت دوحہ پہنچادی گئی


اسلام آباد: سینئر صحافی ارشد شریف کی میت نیروبی سے دوحہ پہنچا دی گئی ہے، دوحہ سے اسلام آباد کےلیے پرواز رات 9بجکر 35منٹ پر اڑان بھرے گی۔

ارشد شریف کی میت رات ایک بجکر 5 منٹ پر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا دی جائے گی۔

مرحوم کی بیوہ کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین جمعرات کو  وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔

کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے بتایا تھا کہ صحافی ارشد شریف کی نعش کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے، پوسٹ مارٹم کے تحت ارشد شریف کی موت گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی۔

انہوں نے کینیا کی حکومت سے درخواست کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔ واضح رہے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کو کینیا کے دارلحکومت نیروبی میں گولی مار کر قتل کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کینیا، ارشد شریف کی میت کا پوسٹ مارٹم مکمل

پاکستانی صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے پر جاری کردہ بیان میں  انسپکٹر جنرل کینیا پولیس نے کہا ہے کہ پولیس نے علاقے میں گاڑی چوری کی اطلاع پر ناکہ بندی کی ہوئی تھی۔

کینیا پولیس کے انسپکٹر جنرل کے مطابق  مرم روڈ پر پولیس کی فائرنگ سے پاکستانی ارشد شریف کی موت واقع ہوئی، متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

سینیر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف اے آر وائی نیوز، دنیا نیوز، آج ٹی وی اور ڈان نیوز سے منسلک رہے۔

بیرون ملک جانے سے پہلے ارشد شریف کچھ مہینے پہلے اے آر وائی سے منسلک تھے، ارشد شریف کو حکومت پاکستان کی طرف سے پرائیڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

مختلف صحافیوں کی طرف سے ارشد شریف کی کینیا میں موت کے واقعے سے متعلق تعزیتی ٹویٹ کیے گئے۔


متعلقہ خبریں