کوئٹہ: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیلابی پانی ختم ہوتے ہی ریلوے ٹریک بحال کر دیں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیرصدارت کوئٹہ میں اجلاس ہوا جس میں ڈی ایس ریلوے نے وفاقی وزیر کو سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن ٹریک کا جائزہ لیا، سیلاب کے باعث ریلوے ٹریک متاثر ہوئے ہیں اور پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں تاہم ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کے لیے عملہ مصروف عمل ہے لیکن کئی علاقوں میں اب بھی پانی کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ تفتان ٹریک 104 مقامات سے متاثر ہوا جسے 30 ستمبر تک بحال کر دیں گے اور بولان میں بہہ جانے والے پل کو کچھ وقت درکار ہے۔ ڈیرہ اللہ یار سے جیکب آباد تک 11 کلو میٹر ٹریک پانی کے نیچے ہے اور پانی نیچے جاتے ہی نقصانات کا تخمینہ لگا کر مرمت کا کام شروع کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مخالفین کی نقلیں اتارنے والے خود لیٹر اور کلو میں فرق بھول گئے، شیری رحمان
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سبی ہرنائی ریلوے ٹریک پر 4 سال گزرنے کے بعد بھی کوئی پیش رفت نہ ہو سکی تاہم جتنی جلدی مکمن ہوسکا ریلوے ٹریک بحال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ائیر پورٹ کا بھی جائزہ لیں گے اور کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی اپگریڈیشن کے لیے اقدامات کرنے کی کوشش کریں گے۔ گوادر میں ریلوے کا دفتر قائم کیا جا رہا ہے اور گوادر میں ہمارے پاس 285 ایکڑ زمین موجود ہے۔