سری لنکن کرکٹرز کی تنخواہوں میں 34 فیصد اضافہ


کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں 34 فی صد اضافہ کر دیا ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے کانٹریکٹ کے تحت سال 19-2018 میں 33 کھلاڑیوں کو اضافی رقم ادا کی جائے گی۔ اضافی رقم میچ فیس اور تنخواہوں کی مد میں ادا کی جائے گی۔ تنخواہوں میں اضافے کی وجہ گزشتہ مالی سال میں سری لنکن کرکٹ بورڈ کی ریکارڈ آمدنی بتائی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے مالی سال18-2017 میں ریکارڈ منافع کمائے جانے کا اعلان کیا تھا۔ اعلان کے مطابق گزشتہ سال سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ریکارڈ دو ارب بارہ کروڑ روپے کمائے ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ منافع کی بڑی وجہ 2017 میں سری لنکا میں بنگلہ دیش، زمبابوے اور بھارت کے خلاف کھیلی جانے والی ہوم سیریز ہیں۔


متعلقہ خبریں