اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان نے رابطہ کیا اور مراسلے کا ذکر کیا لیکن دکھایا نہیں۔ امریکی مراسلے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت خیبرپختونخوا میں ابھی تک ہے اور صدر مملکت بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہیں۔ اگر عمران خان کے خلاف سازش ہوئی ہوتی تو ان کو ہر جگہ سے نکال کر دکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور نہ کسی جماعت کے ساتھ ہے بلکہ جماعت اسلامی عوامی مفاد کے لیے سرگرم ہے جبکہ میں بھی انتخابات سے پہلے اصلاحات کا حامی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: معیشت کو روزانہ کی بنیاد پر اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، حماد اظہر
سراج الحق نے کہا کہ عمران خان نے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ میرے پاس مراسلہ ہے، ہم نے کہا وہ خط تو آپ کی جیب میں ہے دیں گے تو ہم دیکھیں گے۔ پی ٹی آئی حکومت کے جانے کے بعد جلسے میں امریکی مراسلے کا ذکر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی مراسلے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنایا جائے اور عدالت عظمیٰ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح پر رائے دی اور سب کو ساتھ لے کر گئی۔ جماعت اسلامی بھی امریکی پالیسیوں کے حق میں نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سودی نظام معیشت کی تباہی میں کردار ادا کر رہا ہے، سودی نظام کے خاتمے سے متعلق عدالتی حکم پر عمل کروانے کے لیے جلسہ کریں گے۔