مراسلے میں سازش ثابت ہو گئی تو استعفیٰ دیکر گھر چلا جاؤں گا، شہباز شریف


اسلام آباد: نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سپریم کورٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔

شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب،تحریک انصاف کا بائیکاٹ، تمام ارکان مستعفی

ہم نیوز کے مطابق ایوان میں 174 ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے والے میاں شہباز شریف نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ سلیکٹڈ کو گھر کا راستہ دکھایا، عمران خان کے جاتے ہی ڈالر 8 روپے سستا ہوا۔

میاں شہباز شریف نے اپنے خطاب میں دعویٰ کیا کہ اگر مراسلےمیں سازش ثابت ہو گئی تو استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کی کاوش سے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بچا لیا ہے، یہ پہلا تاریخی موقع ہے کہ پاکستان میں کسی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی اور باطل کو شکست و حق کی فتح ہوئی۔

میاں شہبازشریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ آج کا دن پوری قوم کے لیے عظیم دن ہے کہ ایوان نے سلیکٹڈ اور جھرلو کی پیدوار وزیراعظم کو گھر کا راستہ دکھایا، عوام کے لیے خوشی کی بات اور کیا ہوگی کہ آج ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 8 روپے اونچا ہوا جس کی وجہ سے ڈالر 190 سے واپس 182 پر آگیا۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا کہ ڈالر ایک روپیہ اوپر جائے تو وزیراعظم کرپٹ ہوتا ہے، یہ 8 روپے نیچے گیا ہے تو اب کیا کہا جائے گا؟ یہ عوام اور ایوان کے بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا گزشتہ کئی دنوں سے جھوٹ بولا جارہا تھا اور ڈرامہ کیا جارہا تھا کہ کوئی خط آیا ہے، مجھے ابھی تک خط نہیں دکھایا گیا نہ میں نے خط دیکھا تاہم اس حوالے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجانا چاہیے۔

انتقام نہیں،حساب ضرور لیں گے، پرانی ن لیگ نہ سمجھا جائے،مریم نواز

میاں شہباز شریف نے کہا کہ عوام اور ایوان کے ارکان جاننا چاہتے ہیں کہ اس خط کی حقیقت کیا ہے؟ عدم اعتماد کے حوالے سے ہم کئی دن پہلے فیصلہ کرچکے تھے لیکن اگر یہ جھوٹ ہے تو سب کے سامنے آنا چاہیے تاکہ یہ بحث ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں ںے بحیثیت وزیراعظم پارلیمنٹ میں اعلان کیا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی میں خط پیش کیا جائے جس میں مسلح افواج کے سربراہان موجود ہوں، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی، سیکرٹری خارجہ اور وہ سفیر بھی ہوں، میں بلا خوف تردید کہتا ہوں کہ اگر اس حوالے سے رتی برابر ثبوت مل جائے کہ ہم کسی بیرونی سازش کا شکار ہوئے یا ہمیں کسی بیرونی وسائل سے مدد ملی تو میں ایک سیکنڈ میں وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے کر گھر چلا جاؤں گا۔

میاں شہباز شریف نے واضح طور پر اعلان کیا کہ میں پہلی فرصت میں ان کمیرہ سیشن کا انتظام کروا کر خط پر بریفنگ کرواتا ہوں۔

پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے والے نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ حکومت کو میثاق معیشت کی پیش کش کی تھی، میری میثاق معیشت کی پیشکش کا دو مرتبہ حشر نشرکیا گیا۔

مرکز کے بعد صوبوں میں بھی استعفے دینے کی آپشن ہے، شیخ رشید

انہوں ںے دعویٰ کیا کہ اگر یہ زعم و تکبر میں نہ ہوتے اور وہ پیشکش قبول کرلیتے تو آج ملک آگے جارہا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رواں مالی سال سب سے بڑا بجٹ خسارہ کرنے جارہا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی تاریخ کا سب سے بڑا خسارہ ہونے جارہا ہے، 60 لاکھ لوگ بیروزگار ہو چکے ہیں اور دو کروڑ سے زائد افراد خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کھربوں کے قرض لیے لیکن ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔

نو منتخب وزیراعظم میاں شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ فرنٹ مین کے ذریعے کسان کو کھاد منہگی دی گئی، گزشتہ ماہ حکومت نے گندم و کھاد کو اسمگل کروایا، پاکستان گندم اور چینی کا برآمدکنندہ تھا لیکن آج درآمد کنندہ بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہاں کیا کیا بات کروں؟ فیکٹریوں کی چمنیاں بند ہوگئیں لیکن آج ہم ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کررہے ہیں۔

بحیثیت وزیراعظم اپنے پہلے خطاب میں میاں شہباز شریف نے کہا کہ صوبوں کے تعاون سے آئندہ چند روز میں ضروری قانونی کارروائی کریں گے، سرمایہ کاروں سے درخواست ہے جن ملازمین کی تنخواہ ایک لاکھ روپے تک ہے وہ ان کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافہ کردیں، ہم آنے والے دنوں میں ملک کو سرمایہ کاروں کے لیے جنت بنا دیں گے۔

انہوں نے بے نظیر کارڈ دوبارہ لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کو مزید وسعت دیں گے، تعلیم کو بھی اس سے منسلک کریں گے، رمضان پیکج کے حوالے سے سستا آٹا دیں گے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سستی بجلی کے منصوبے بنائے مگر انہوں نے مہنگے منصوبے بنائے جس کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی اور نتیجتاً کارخانوں و ایکسپورٹرز کو شدید نقصان پہنچا۔

ن لیگ کے مرکزی صدر نے کہا کہ ہم چاروں صوبوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے، این ایف سی ایوارڈ 2010 میں ہوا جو آج تک چل رہا ہے لیکن ان کو توفیق نہیں ہوئی کہ این ایف سی ایوارڈ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ قوم ایک عظیم قوم بنے گی اور قومیں وہی کھڑی ہوتی ہے جو چوزر ہوتی ہیں، بھکاری قومیں چوزرز نہیں ہوتیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کا عوام کیلئے ریلیف: کم ازکم اجرت 25 ہزار روپے کردی

ہم نیوز کے مطابق میاں شہباز شریف نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان کے دکھ سکھ  کا ساتھی ہے، پاک چین دوستی کوئی ہم سے چھین نہیں سکتا، پاک چین دوستی لازوال ہے جو قیامت تک قائم رہے گی، سی پیک کو اسپیڈ سے چلائیں گے اور آگے لے کر جائیں گے۔

ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لاکھوں لوگ برطانیہ میں آباد ہیں، دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا ہے ، برطانیہ نے چاروں صوبوں میں تعلیم کی فراہمی کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں ، برابری کی سطح پر امریکہ سے تعلقات استوار کرنا ہوں گے، مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی عرب اور ترکی کے شکرگزار ہیں، بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں مگر مسئلہ کشمیر کے حل تک امن قائم نہیں ہوسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں