بلا سود قرضوں کا پروگرام بہترین منصوبہ ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کا پروگرام بہترین منصوبہ ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کے اجرا کا آغاز کر دیا۔ پاکستان پروگرام کے تحت مائیکرو فنانس اداروں کے ذریعے کاروبار شروع کرنے کے لیے قرض دیئے جائیں گے اور بلا سود 5 لاکھ روپے تک اور گھر بنانے کے لیے 27 لاکھ روپے تک قرضے فراہم کیے جائیں گے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کا پروگرام بہترین منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خواب کا نام تھا جبکہ نبی کریم ﷺ نے مدینہ میں فلاحی ریاست بنا کر دکھائی، غیر مسلم ممالک میں انسانوں کے درمیان تقسیم نہیں ہے اور اگر پاکستان کو آج عزت نہیں ملی تو اس کی وجہ صرف نظریہ سے ہٹ کر چلنا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اسلامی اصولوں پر پاکستان کو کھڑا کرنا تھا لیکن جس نظریے کے تحت پاکستان بنا تھا ہم اس پر نہیں چلے اور جو قوم اپنے نظریے سے ہٹتی ہے وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ رسول اللہﷺ فرماتے تھے کہ میری بیٹی بھی چوری کرتی تو ہاتھ کاٹ دیا جاتا اور کل ہم رحمت اللعالمین اتھارٹی کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سیرت رسولﷺ اور زندگی کے اصولوں سے آگاہ کرنا ہے۔ فلاحی ریاست میں لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا جاتا تھا اور مدینے کی فلاحی ریاست میں خواتین کو وراثت کا حصہ ملتا تھا۔ فلاحی ریاست میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہوتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت ہر ماہ ایک ارب ڈالر قرض لے رہی ہے، شہباز شریف

وزیر اعظم نے کہا کہ جو قوم طاقتور کو چھوڑ کر کمزور کو سزا دے وہ تباہ ہو جاتی ہے۔ مسلمانوں نے کئی سال تک دنیا کی امامت کی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے پہلی بار پاکستان میں ریکارڈ ٹیکس ہدف حاصل کیا۔ دنیا میں تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمارے ملک میں اپنا گھر بنانا بہت مہنگا ہے لیکن حکومت بینکوں کو سبسڈی دے کر عوام کو فائدہ دے رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ صحت کارڈ سے ہر خاندان کے پاس علاج کی سہولت ہو گی اور ریاست کو اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لینی چاہیے کیونکہ ایک خاندان پر مشکل وقت تب آتا ہے جب گھر میں بیماری ہو اور ساڑھے 3 سال میں سب سے بڑی خوشی صحت کارڈ کی فراہمی سے ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں