اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی وہ مشہور شخصیات جو 2021 میں انتقال کر گئیں


اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی چار مشہور شخصیات سال 2021 میں انتقال کر گئیں۔

پاکستان کی لیجنڈ ریڈیو، ٹی وی آرٹسٹ اور براڈ کاسٹر کنول نصیر نے 25 مارچ 2021 کو اسلام آباد میں انتقال کیا۔ مرحومہ شوگر کے مرض میں مبتلا تھیں اور نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

کنول نصیر پاکستان ٹیلی ویژن کی پہلی خاتون اناؤنسر تھیں۔ وہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی مشہور آواز تھیں اور بطور فنکار اپنی شاندار صلاحیتوں سے لوگوں کو محظوظ کرتی تھیں۔ کنول نصیر کو پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا۔

کنول نصیر کو وفات کے بعد اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔

پاکستان کے ایوارڈ یافتہ کٹھ پُتلی اور ٹی وی ڈائریکٹر فاروق قیصر 14 مئی 2021 کو اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ مرحوم دل کے عارضے میں مبتلا تھے۔

فاروق قیصر نے انکل سرگم کے کردار سے شہرت حاصل کی۔ 1976 میں انہوں نے اپنا کٹھ پتلی شو کالیاں ڈائریکٹ کیا اور لکھا۔ جسے عوام کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

فاروق قیصر اسلام آباد ایف الیون 2 کے رہائشی تھے۔ ان کی وفات کے بعد ان کو اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرعبد القدیر خان نے 10 اکتوبر 2021 کو اسلام آباد کے آر ایل ہسپتال میں انتقال کیا۔ ڈاکٹر عبد القدیر خان پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا تھے۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان کو اپنے ملک کو دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت میں تبدیل کرنے پر قومی ہیرو کے طور پر سراہا گیا۔ مرحوم کو ہلال امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

ڈاکٹر عبد القدیر خان اسلام آباد کے سیکٹر ای سیون کے رہائشی تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کی گئی۔ جس کے بعد ان کو بھی اسلام آباد کے ایچ ایٹ قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

سینئر صحافی اور معروف معاشی تجزیہ کار محمد ضیاء الدین نے 29 نومبر 2021 کو اسلام آباد میں انتقال کیا۔ محمد ضیاء الدین طویل عرصے سے علالت میں مبتلا تھے۔

محمد ضیاء الدین نے صحافت میں 6 دہائیوں سے ذیادہ کام کیا اور پاکستان کے تمام بڑے اخبارات بشمول دی مسلم، دی ایکسپریس ٹربیون، دی نیوز اور ڈان کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا۔

صحافت کے شعبے میں ان کی پہلی ملازمت پاکستان پریس انٹرنیشنل میں بطور رپورٹر تھی۔

محمد ضیاء الدین اسلام آباد کی نجی سوسائٹی کے رہائشی تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ اسلام آباد سوسائٹی کے قبرستان میں ادا کرنے کے بعد مرحوم کو وہی پہ سپرد خاک کیا گیا۔


متعلقہ خبریں