انٹرنیشنل اسٹار عاطف اسلم راک اسٹار سے ٹی وی اداکار بننے جا رہے ہیں، عاطف اسلم کا پہلا ٹی وی ڈرامہ سنگ ماہ ہم ٹی وی پر جلد آرہا ہے۔ اور ڈرامہ کے پہلے دو ٹیزر بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ یاد رہے عاطف اسلم 10 سال پہلے فلم بول میں بھی اداکاری کرچکے ہیں.
گلوکار سے اداکار بلکہ سپر اسٹار بننے کی سب سے بڑی مثال ملکہ ترنم نور جہاں ہیں۔ جنہوں نے اپنے سروں سے تو کروڑوں دلوں پر راج کیا ہی لیکن ساتھ ہی اپنی اداکاری سے بھی اپنے ہر فن مولا ہونے کا ثبوت بھی دیا۔
سپر اسٹار ندیم بھی انڈسٹری میں پہلے سنگر بننے آئے تھے بعد میں سپر اسٹار بنے اور پھر اپنے منفرد انداز سے لاکھوں دلوں پر راج کیا۔
سجاد علی بھی راک اسٹار بننے کے بعد فلم ”ایک اور لو اسٹوری” میں ہیرو آ چکے ہیں۔ اور اب اپنے گانے کی ویڈیوز میں بھی وہ اکثر خود ہی مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔
علی ظفر نے اداکاری اور گلوکاری دونوں میدانوں میں اپنا لوہا منوایا ہے، وہ نہ صرف پاکستان بلکہ ہندوستان میں بھی اپنی گلوکاری اور اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ وہ بالی ووڈ میں کترینہ کیف اور رنویر سنگھ کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔
سپر اسٹار فواد خان نے بھی پہلے گلوکاری میں کامیابی حاصل کی اور اس کے بعد شاندار اداکاری سے اپنی ایک الگ پہنچان بنائی۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارتی انڈسٹری میں بھی اپنی جاندار اداکاری سے ملک کا نام روشن کیا۔
فواد خان سونم کپور کے ساتھ فلم ”خوبصورت” اور کرن جوہر کی فلم ”اے دل ہے مشکل” میں انوشکا شرما اور رنبیر کپور کے ساتھ اہم کردار میں نظر آ چکے ہیں۔
پاکستان کی فلموں کے کامیاب ترین اداکار کامیڈین،اور میزبان احمد علی بٹ نے بھی میوزک سے ہی شوبز انڈسٹری میں اینٹری دی تھی۔
وائٹل سائن کے جنید جمشید نے بھی گلوکاری میں ہٹ ہونے کے بعد ڈرامے دھندلے راستے میں اداکاری کی.
علی حیدر نے بھی گلوکاری کے بعد ڈرامے اور فلم ”چلو عشق لڑائیں” میں اداکاری کی تھی۔
عاطف اسلم کی طرح جل بینڈ کے ہی گوہر اور فرحان سعید بھی اداکاری میں قدم رکھ چکے ہیں، فرحان سعید ہم ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریز ‘سنو چندہ’ میں اقرا عزیز کے ساتھ ہیرو آچکے ہیں، جنہیں شائقین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا، اور اب جلد فلم میں بھی نظر آئیں گے۔
محمد علی شہکی نے بھی گلوکاری کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔
وائٹل سائن اور جنون کے سلمان احمد بھی اپنے میوزیکل کیرئیر کے ساتھ ساتھ ڈرامہ سیریل آہٹ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
علی عظمت فلم وارمیں ایک اہم کردار میں اداکاری کرتے نظر آچکے ہیں جبکہ فخر عالم بھی گلوکاری کے ساتھ فلم میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
حدیقہ کیانی بھی آج کل ڈراموں کی کامیاب اداکاروں میں سے ایک ہیں، انہوں نے ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ”رقیب سے” سے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور اب ہم ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ”دوبارہ” میں نظر آرہی ہیں۔
پڑوسی ملک میں بھی مشہور سنگرسونو نگم نے گلوکاری میں اپنا نام بنا کر ہیرو بننے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔