پنجاب میں فضائی آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف کریک ڈاون جاری ہے۔
حکومت نے پچیس دنوں میں دو کروڑ کے جرمانے کیے، مقدمات کے اندراج کے ساتھ گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔
آلودگی کا سبب بننے والے عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں آٹھ سو سے زائد مقدمات کا اندراج ہوا جبکہ ایک سو سے زائد افراد کو سلاخوں کے پیچھے بھی جانا پڑا۔
جوڈیشل واٹراینڈ انوائرمنٹل کمیشن کی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر سے دو نومبر تک، بھٹوں کو ایک کروڑ اڑسٹھ لاکھ سے زائد جرمانے کئے گئے۔
تین ہزار ایک سو پینتیس بھٹوں کی چیکنگ کے دوران، چھ سو پندرہ ایف آئی آر درج ہوئیں اور بیس افراد کو گرفتار کیا گیا، دو سو چوبیس بھٹے سیل کر دیے گئے۔
اسموگ کا باعث بننے والی چار ہزار آٹھ سو چونسٹھ وہیکلز کو چھبیس لاکھ چوہتر ہزار سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔
پنجاب بھر میں کمیشن نے ایک سو انڈسٹریل یونٹس کو سیل، ایک سو ستتر کیخلاف ایف آئی آر اور پچاس افراد کو گرفتار کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف لاہور میں ستائیس انڈسٹریل یونٹس کو سیل کیا گیا، دو ہزار چوراسی گاڑیوں کی انسپکشن، پانچ سو سڑسٹھ کو چالان اور چھ لاکھ ترپن ہزار سے زائد جرمانہ کیا گیا۔